Urdu
چوری شدہ سونا ایس آئی یو سے ملنے کا معاملہ، آئی جی کا انکوائری کا حکم
کراچی: آئی جی سندھ نے ایس آئی یو آفس سے چوری شدہ سونا ملنے کے معاملے کو لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ 16جولائی کو گلستان جوہر پولیس نے ایس آئی یو (اسپیشل انویسٹگیشن یونٹ) میں کاروائی کر کے سب انسپکٹر سمیت 6 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔ کارروائی گلستان جوہر تھانے میں درج ایک چوری کے مقدمے کے سلسلے میں کی گئی تھی جس کے مطابق ملازمہ نے گھر سے 80 تولہ سونا چُرایا تھا۔ بعد ازاں معلوم ہوا تھا کہ ایس آئی یو اہلکاروں نے سونا برآمد کرکے ملازمہ کو چھوڑدیا تھا جبکہ گلستان جوہر تھانے کو آگاہ نہیں کیا گیاتھا۔ پولیس نے ملازمہ کو پکڑا تو اس نے سارا کچا چٹھا کھول دیا اور پولیس کو نشاندہی کی جس کے بعد ایس آئی یو اہلکار قانون کے شکنجے میں آگئے اور ملزموں کو گرفتار کرکے 65 تولہ سونا اور نقدی برآمد کرلی۔