Urdu

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی جانب سے برفانی چیتے کے بچوں کی نایاب فوٹیج جاری

کراچی: برفانی چیتے کا عالمی دن کے حوالے سے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی جانب سے برفانی چیتے کے بچوں کی نایاب فوٹیج جاری کی گئی ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے برفانی چیتے کے عالمی دن پر خنجراب نیشنل پارک کے محفوظ مقام دیہنالہ میں برفانی چیتےکے2 بچوں کی موجودگی کے نایاب مناظرجاری کئے ہیں ۔ قراقرم کی حدود میں مقامی افراد نے برفانی چیتوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق معلومات دی ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق یہ نایاب مناظر وائلڈ لائف کے مقامی فوٹوگرافر امتیاز احمد نے اپنے کیمرے کی آنکھ سےحاصل کئے ہیں جو اس بات کے عکاس ہیں کہ برفانی چیتے ماحولیاتی نظام کو توازن میں رکھنے کیلئےاہم ہیں ، ان کی موجودگی زمینی سطح سے اونچائی پر موجود ان کے رہائشگاہوں کی بہترین ماحول کی نشاندہی کرتی ہےکہ اگراس مقام پر برفانی چیتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا تو یہ مقام ماحولیاتی اعتبار سے دیگر جنگلی حیات اوارنسانی زندگیوں کیلئے بہترین ثابت ہوگا کیونکہ ان سب کی زندگی کا دارومدار ان پہاڑوں میں گلیشیئرز سے بہنے والے ندیوں کے پانیوں پر ہے۔

اعداد و شمار کےمطابق پاکستان میں برفانی چیتے کےرہائشی مقامات 80 ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے پر پائےجاتے ہیں عالمی سطح کے اعتبار سے یہ دنیا بھر کا 4 اعشاریہ 5 فیصد حصہ ہے۔ اس مقام پر سخت موسمی حالات اور ناہموار سطح کے باعث درپیش مشکلات کے باعث صرف 11 فیصد پرہی تحقیق کی گئی ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ایک حالیہ رپورٹ بتاتی ہے کہ عالمی سطح پر ہر سال 221-450 کے لگ بھگ برفانی چیتے مارے جاتے ہیں اور ان میں سے 55 فیصدہلاکتیں مقامی افراد کے مویشیوں پر برفانی چیتے کے شکار کے جواب میں ہوتی ہیں۔ان سب کے باوجود محکمہ جنگلی حیات کے مقامی فوٹوگرافر کی جانب سے ایسی نایاب ویڈیو بنانا حوصلہ افزا ہےیہ ویڈیو برفانی چیتوں کے رہائشی مقامات ان کی حدود سے متعلق معلومات سمیت ان بڑی جنگلی بلیوں سے متعلق آگاہی کو عام کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

مقامی فوٹوگرافر امتیاز احمد برفانی چیتے کے ان بچوں کو ان کی پیدائش سے دیکھتے آرہے ہیں یہ اب 6 ماہ کے ہوگئے ہیں۔ امتیاز احمد کا کہنا ہے کہ”میں نے برفانی چیتے کے بچوں کی یہ منفرد ویڈیو بنائی ہےاور اب مزید ویڈیوز بنارہاہوں تاکہ میری کمیونٹی کواس نایاب جنگلی نسل کے بارے میں مزید معلومات فراہم ہوسکے کہ یہ برفانی چیتے ہماری زندگی سے کس طرح منسلک ہیں، ان ویڈیوز کی مدد سے مقامی افراد کو ان چیتوں کی زندگیاں بچانے کیلئے ان سے متعلق تاثرات اور رائے کو تبدیل کرنا ہوگا،وہ کہتے ہیں جب وہ اپنے کیمرے سے ان کی ویڈیوز بناتے ہیں تو وہ ان کے مستقبل کیلئے انتہائی پرامیدہوتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close