Urdu

پارک لین کیس، نیشنل بینک کے 2سابق صدورآصف زرداری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

فائل فوٹو:آصف زرداری اور بلاول سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات

اسلام آباد: پارک لین کیس میں یش رفت ہوئی ہے اور نیشنل بینک کے 2سابق صدورآصف زرداری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق سابق صدر نیشنل بینک علی رضا اور قمر حسین نیب کے وعدہ معاف گواہ بن گئے جس کی بنیاد پر نیب نے دونوں وعدہ معاف گواہوں کو قانون کے مطابق گواہی دینے پرمعاف کر دیا۔ نیب کے مطابق آصف زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس میں 61 گواہ تیار ہیں۔ پارک لین کی مبینہ فرنٹ کمپنی پارتھینون کو قرض جاری ہوتے وقت سید علی رضا نیشنل بنک کے صدر تھے جبکہ قرض جاری کرنے والے کمیٹی کے سربراہ قمر حسین بھی بعد میں نیشنل بنک کے صدر بنے۔ نیب نے بتایا کہ علی رضا کو ان کی اپنی درخواست پر وعدہ معاف گواہ بنا دیا گیا۔ اپنے بیان میں علی رضا کا کہنا تھا کہ زرداری نے بطور صدر پاکستان انور مجید اور عبدالغنی مجید کو بنک حکام سے ملایا تھا، زرداری نے بنک آفیشلز کو بتایا میرے پیغامات انور مجید اور عبدالغنی مجید پہنچائیں گے، زرداری کے دباو پر ہی قرض کی رقوم جاری کی جاتی رہیں جو جعلی اکاؤنٹس میں گئیں۔ نیشنل بنک کریڈٹ کمیٹی کے تمام افسران بھی زرداری کیخلاف گواہان میں شامل ہیں جبکہ اس حوالے سے ایس ای سی پی حکام بھی گواہی دیں گے۔ تمام 61 گواہان کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت ریکارڈ بیانات نیب کے پاس موجود ہے اور تمام گواہان فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت میں بھی پیش کئے جائیں گے۔ نیب کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق فرنٹ کمپنیاں پارک لین اور پارتھینون یونس قدوائی نے بطور فرنٹ مین چلائیں، قرض اور کِک بیکس کی رقوم یونس قدوائی نے ہی جعلی اکاؤنٹس میں ڈالیں۔ یونس قدوائی کے دفتر پر چھاپے کے دوران ملی اے ون انٹرنیشنل نامی جعلی اکاؤنٹس کی مہریں بھی شواہد میں شامل کی گئی ہیں۔ شواہد اکٹھے کرنے والے نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کے 9 افسران بھی گواہان کی فہرست میں شامل ہیں ۔ جعلی اکاؤنٹس کی ابتدائی تفتیش کرنے والے ایف آئی اے کے محمد علی ابڑو بھی گواہ ہوں گے اور قرض لینے والی مبینہ فرنٹ کمپنی پارتھینون کے کمپیوٹر آپریٹر کی گواہی بھی شواہد کا حصہ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close